27 جون 2011
وقت اشاعت: 8:46
پاکستانی ماہی گیروں کی تاخیر سے رہائی پر بھارتی میڈیا کی حکومت پر تنقید
جنگ نیوز -
ممبئی…فارن ڈیسک…ایم وی سویز سے رہائی پانے والے بھارتیوں کو تو چند گھنٹوں میں ان کے بھارت روانہ کردیا گیا جبکہ بھارتی نیوی کے ہاتھوں صومالی قزاقوں کے چنگل سے چھڑائے جانے والے پانچ پاکستانیوں کواپنے وطن واپس جانے میں تین ماہ لگ گئے۔ بھارتی نشریاتی ادارے’این ڈی ٹی وی‘ کی رپورٹ کے مطابق پاکستانیوں کو تین ماہ بعد ممبئی جیل سے رہا کردیا گیا۔رپورٹ میں مزید کہا گیاہے کہ ایم وی سویز سے پاکستان کی مددسے رہائی پانے والے بھارتی سیلرز کو کراچی میں ان کی آمد کے چندگھنٹوں کے اندر اندر انہیں اپنے آبائی وطن بھارت بھیج دیا گیا تھا،لیکن پانچ پاکستانی سیلرز جنہیں بھارتی نیوی نے بچایا انہیں اپنے وطن واپس جانے کے لیے تین ماہ تک انتظار کرنا پڑا۔رہائی پانے والے پاکستانی سیلر اورنگزیب بلوچ کا کہنا ہے کہ میں وطن واپس جانا چاہتا ہوں اوراپنے والدین سے ملنا چاہتا ہوں۔اورنگ زیب اور ان کے چار ساتھی اپنی رہائی کے بعد ممبئی کے یلو گیٹ پولیس اسٹیشن پر رکھا گیا ہے۔جبکہ ان کے ساتھ رہائی پانے والے 11 ایرانیوں کو فوری ان کے وطن بھیج دیا گیا تھا۔جب کہ ان پانچ پاکستانیوں کو بھارتی وزارت داخلہ نے قیدیوں کی فہرست میں رکھنے کا خط جاری کیا۔یلو گیٹ پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر ایم جی ٹوپی کا کہنا ہے کہ خط میں پاکستانی قیدیوں کا جیل بھیجنے کا پڑھ کر صدمہ ہوا کہ ان کے لیے یہ لفظ استعمال کیوں کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایک ہفتہ قبل پاکستانی سفارت خانے کو ان تک رسائی دی گئی۔ جب کہ معاہدے کے تحت واضح ہے کہ نان سیکیورٹی قیدیوں تک فوری سفارت خانے کی رسائی ممکن ہوگی۔