27 جون 2011
وقت اشاعت: 8:39
شیر پنجاب دنگل: نادر پہلوان اور شاہد کھوئے والا کا مقابلہ برابر
آج نیوز - شیر پنجاب دنگل میں ٹائٹل کشتی کیلئے نادر پہلوان اور شاہد کھوئے والا پہلوان کے مابین مقابلہ برابر ہوگیا۔ لاہور کے پنجاب اسٹیڈیم میں نادر پہلوان اور شاہد کھوئے والا پہلوان کے مابین مقابلہ چوالیس منٹ جاری رہا،جس میں دونوں پہلوانوں نے ایکدوسرے کو چت کرنے کیلئے کئی داؤ پیچ آزمائے،لیکن کوئی پہلوان دوسرے کو چت کرنے میں کامیاب نہ ہوسکا،جس پر منتظمین نے دونوں پہلوانوں کے درمیان مقابلے کو برابر قرار دیدیا،دنگل کے دیگر مقابلوں میں مالو پہلوان نے ماجھو پہلوان،لاہور کے بلال پہلوان نے گوجرانوالہ کے بلال،ساہیوال کے حسن نے فیصل آباد کے پیجا پہلوان،ماما پہلوان نے راشد پہلوان،رکھا پہلوان نے بوٹا پہلوان ،شوکت پہلوان نے راول پہلوان کو شکست دیدی،گونگا پہلوان اور مٹھو پہلوان کے مابین مقابلہ برابر رہا،جبکہ چار پہلوانوں کو واک اوور دیا گیا،مہمان خصوصی ناصر بھولو پہلوان نے ٹائٹل کشتی کا مقابلہ برابر ہونے پر نادر پہلوان اور شاہد کھوائے والا پہلوان کو پچاس پچاس ہزار روپے انعام دیا۔