27 جون 2011
وقت اشاعت: 12:33
18ویں ترمیم پر عمل درآمد آخری مرحلے میں ہے،وزیراعظم کا جواب
جنگ نیوز -
لاہور..وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے وزیر اعظم کے نام خط میں مشترکہ مفادات کونسل کااجلاس فوری طور پر بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے خط کے جواب میں کہا ہے کہ وزیر اعلی کی طرف سے اٹھائے گئے معاملات صوبوں کے اتفاق رائے سے مناسب فورم پر حل کئے جائیں گے۔وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے وزیر اعظم کے نام خط میں مشترکہ مفادات کونسل کااجلاس فوری طور پر بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اٹھارہویں ترمیم کے تحت صوبوں کو اختیارات کی منتقلی کی رفتار تیز کرنے پر بھی زور دیا۔وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خط میں کہا گیا ہے کہ وزارت صحت کے تحت شیخ زید اسپتال لاہور، ماحولیات، محنت و افرادی قوت، خوراک، زراعت، متروکہ وقف املاک بورڈ اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کی منتقلی کی رفتار پر پنجاب کو شدید تحفظات ہیں۔ ان متنازع معاملات کو پہلے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلاکر طے کیا جائے۔ذرائع نے جیو نیوز کے نمائندے عرفان نذیر کو بتایا کہ ق لیگ وفاقی حکومت میں شامل ہونے کے بعد ان معاملات کو طول دینا چاہتی ہے کیونکہ اس کی بعض وزارتیں ختم ہوسکتی ہے۔وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کے خط کا جواب دے دیا ہے،وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی کی طرف سے اٹھائے گئے معاملات کو صوبوں کے اتفاق رائے سے مناسب فورم پر حل کیا جائے گا ۔ ترجمان وزیر اعظم کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے موٴقف اختیار کیا ہے کہ اٹھارویں ترمیم کی روشنی میں وزارتوں کی منتقلی کا عمل تکمیل کے آخری مرحلے میں ہے ، صوبوں کو وزارتوں کی منتقلی کے دو مرحلے مکمل ہو چکے ہیں جبکہ تیسرا مرحلہ 30 جون سے پہلے مکمل کر لیا جائے گا،وزیر اعظم نے کہا ہے کہ وزارتوں کی صوبوں کو منتقلی کے جائزے کے لیے وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس منگل کو طلب کیا گیا ہے۔