28 جون 2011
وقت اشاعت: 9:36
فاروق ستار،بابرغوری اور ڈاکٹرندیم کے استعفے صدر کو بھجوادیئے گئے
جنگ نیوز -
اسلام آباد…ایم کیو ایم کے دو وفاقی وزراء اور ایک وزیر مملکت نے استعفیٰ دے دیا ہے، ایم کیو ایم کے رہ نما فاروق ستار کا کہنا ہے کہ حکومت انہیں ڈکٹیشن پر چلانا چاہ رہی تھی ، وہ اپوزیشن میں آ گئے ہیں اور عوامی مسائل حل کرنے کے لیے حکومت پر دباو ڈالیں گے۔ اسلام آباد میں ڈاکٹر فاروق ستار نے جیو نیوز سے گفت گو کرتے ہوئے بتایا کہ ایم کیو ایم کے تینوں استعفےٰ صدر کو بجھوا دیئے گئے ہیں۔ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم وفاق اور سندھ میں حکومت کی اتحادی رہی ہے، ان سے کبھی اتحادیوں جیسا سلوک نہیں کیا گیا، جمہوریت اور ملکی استحکام کے لیے ہمیشہ مفاہمت کی سیاست کی ، تین سالوں میں کبھی بھی اعتماد میں نہیں لیا گیا، ان کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم ڈکٹیشن پر نہیں چل سکتی ، اب وہ اپوزیشن میں آ گئے ہیں ، حکومت انہیں عزت دے، پہلے کہتے تھے کہ شیر آیا شیر آیا، اب حقیقت میں شیر آگیا ہے۔