28 جون 2011
وقت اشاعت: 9:31
پاک، افغان، امریکا کور گروپ کا اجلاس آج کابل میں ہوگا
آج نیوز - پاکستان، افغانستان اور امریکا پر مشتمل کور گروپ کا اجلاس آج کابل میں ہوگا۔ پاکستان کے سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ اجلاس میں افغانستان میں مفاہمتی عمل اور امن و سلامتی یقینی بنانے پر بات چیت کی جائے گی۔ سلمان بشیر کابل میں دو روز قیام کریں گے۔ گذشتہ روز سہ فریقی کمیشن کا چونتیسواں اجلاس کابل میں ہوا۔ جس میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے شرکت کی۔ سہ فریقی کمیشن کے اجلاس میں سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ سرحد پر سیکیورٹی اقدامات کے حوالے سے کسی بھی غلط فہمی سے بچنے کیلئے تعاون اور روابط بڑھانے کیلئے اقدامات پر غور کیا گیا۔ فریقین نے خطے میں امن و سلامتی کی بحالی کے عزم کا اعادہ کیا۔