28 جون 2011
وقت اشاعت: 9:27
آزاد کشمیر انتخاب: التواء کیخلاف ایم کیو ایم کی درخواست کی سماعت ملتوی
آج نیوز - آزاد کشمیر کی دو نشستوں پر انتخاب کے التواء کے خلاف ایم کیو ایم کی درخواست پر سندھ ہائی کورٹ میں سماعت جمعہ تک ملتوی کر دی ہے۔ عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ آزاد کشمیر کی ہائیکورٹ سے فیصلہ آنے کے بعد درخواست پرغور کیا جائے گا۔ درخواست کی سماعت سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس اطہر سعید اور جسٹس عقیل احمد عباسی نے کی۔ ایم کیوایم کے وکیل بریسٹرفروغ نسیم نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ امن و امان کا بہانہ بنا کر کراچی میں آزاد کشمیر کی نشستوں پرانتخابات ملتوی کروائے گئے جبکہ وزیراعلی سندھ نے شہر کے امن وامان کو مثالی قرار دیا تھا۔ ڈی آئی جی آپریشن کی رپورٹ پر چیف الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے انتخابات ملتوی کیے۔ عدالت نے کہا کہ آزاد کشمیر کے معاملے میں عدالت اختیار نہیں رکھتی کہ کوئی فیصلہ دے عدالت نے درخواست گزار کو تین روز کی مہلت دی کہ آزاد کشمیر کی ہائیکورٹ سے فیصلہ لے کر آ جائیں تو پھر اس درخواست پرغور کیا جائے گا۔ عدالت نے سماعت یکم جولائی تک کے لیے ملتوی کر دی۔