28 جون 2011
وقت اشاعت: 9:15
بھٹو ریفرنس کیس: بابر اعوان کے دلائل مکمل، کل اٹارنی جنرل دلائل دینگے
آج نیوز - سپریم کورٹ میں بھٹو ریفرنس کیس میں کی سماعت کے دوران وفاق کے وکیل بابر اعوان نے دلائل مکمل کر لئے، کل سے اٹارنی جنرل دلائل کا آغاز کریں گے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا ہے کہ بھٹو کے خلاف پرانی ایف آئی آر کیوں اور کیسے بحال ہوئی؟؟ عدالت عظمٰی ٹرائل کورٹ کا کام نہیں کر سکتی۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں گیارہ رکنی بنچ نے صدارتی ریفرنس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ عدالت از سر نو ٹرائل کے بغیر کیسے فیصلہ دے سکتی ہے؟؟۔ مقدمے کا دوبارہ جائزہ لینا ہو تو اسے از سر نو ٹرائل کورٹ بھیجنا ہو گا۔ وفاق کے وکیل بابر اعوان نے کہا کہ سپریم کورٹ کو ایپلٹ کورٹ کے طور پر فیصلہ کرنا ہو گا۔ جس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ عدالت عظمیٰ ٹرائل کورٹ کا کام نہیں کر سکتی۔ جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ نئے شواہد ملنے پر کیس دوبارہ کھلوانے کی گنجائش ہو سکتی ہے، نئے شواہد کا جائزہ بھی ٹرائل کورٹ میں لیا جائے گا۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اگر عدالت مطمئن ہوئی تو کیس ٹرائل کورٹ بھیجیں گے۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خواجہ حارث نے بتایا کہ بھٹو کے خلاف پانچ شکایات میں سے صرف تین کا ریکارڈ ملا ہے۔ جیل کے اندر ہونے والے ٹرائل کا ریکارڈ نہیں مل سکا۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ بھٹو کے خلاف پرانی ایف آئی آر کیوں اور کیسے بحال ہوئی؟؟۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاق اور پنجاب حکومت نے جسٹس شفیع الرحمان کمیشن رپورٹ عام کرنے کا فیصلہ کیا تھا اس کا کیا بنا؟؟۔ اٹارنی جنرل مولوی انوار الحق نے بتایا کہ رپورٹ کی اصل دستاویز دستیاب نہیں اس لیے اسے عام نہیں کیا گیا۔ بابر اعوان کے دلائل مکمل ہونے پر سماعت بدھ تک ملتوی کر دی گئی۔