29 جون 2011
وقت اشاعت: 9:6
لاہور ہائیکورٹ میں اسلام پورہ کیس کی سماعت، سی سی پی او کی سرزنش
جنگ نیوز -
لاہور…لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے اشتہاری سب انسپکٹر کی تعیناتی کا سخت نوٹس لے لیا۔ چیف جسٹس مسٹر جسٹس اعجاز احمد چودھری نے سی سی پی او لاہور کی سرزنش کی اور انہیں وارننگ دی کہ اگر آئندہ ایسا ہوا تو وہ خود سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔ہائیکورٹ میں مقدمہ قتل کی ناقص تفتیش کے معاملے میں اشتہاری سب انسپکٹر کے خلاف کارروائی کی بجائے اس کی تعیناتی کے کیس کی سماعت ہوئی۔ فاضل عدالت نے سی سی پی او لاہور احمد رضا طاہر کو طلب کر کے کہا کہ ان کی آنکھیں بند ہیں، انہیں نظر نہیں آتا کہ ایک اشتہاری تھانے میں تعینات ہے۔ چیف جسٹس نے سی سی پی او احمد رضا طاہر سے کہا کہ ان کے ماتحت کیا گل کھلا رہے ہیں، وہ لڑکیوں سے نکاح پر نکاح کرتے ہیں، چیف جسٹس نے سی سی پی او لاہور کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی اشتہاری تھانے میں تعینات ہوا تو وہ جیل جائیں گے۔ عدالت نے کیس کی سماعت تیرہ جولائی تک ملتوی کر دی اور محکمہ پولیس کے تعمیل کنندگان کو فوری طور پر بدلنے کا حکم دے دیا۔