تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 جون 2011
وقت اشاعت: 9:6

ایبٹ آباد آپریشن : برطانوی اور پاکستانی اسکول کے درمیان اشتراک ختم

جنگ نیوز -
کراچی…رفیق مانگٹ…ایبٹ آباد میں دو مئی کے اسامہ کے خلاف امریکی آپریشن نے جہاں پا ک امریکا تعلقات میں کشیدگی پیداکی اور ملکی خودمختاری پر سوالات اٹھائے وہی پر بیرونی امداد سے چلنے والے تعلیمی ادارے بھی اس کی زد سے نہ بچ سکے۔اسامہ بن لادن پرچھاپے نے پاکستانی طالب علموں کے لئے بھی بے یقینی پیدا کردی ہے۔ برطانوی اسکولوں کے ایک گروپ نے منفی پروپیگنڈا کے خوف سے ایبٹ آباد کے اسکولوں،اساتذہ اور طلباء کے ساتھ اشتراک ختم کردیا ہے۔امریکی خبررساں ادارے کے مطابق پاک برطانوی اسکولوں کے درمیان اشتراک کا ایک اہم مقصد دقیانوسی تصورات کاخاتمہ تھا۔اس پروگرام کے خاتمے سے پاکستانی طلبا اور اساتذہ پریشانی سے دوچار ہیں۔اسامہ کے آپریشن نے پاک امریکا تعلقات کوہلا کر رکھ دیا۔کیونکہ یہ آپریشن پاکستانی حکومت کے علم کے بغیر کیا گیا۔ایبٹ آباد کے اسکول حکام کا کہنا ہے کہ ایبٹ آباد کے رہائشیوں اور طلباء کااسامہ یا اس کی سرگرمیوں سے کوئی تعلق نہیں تھا ، اسامہ کے ساتھ ان کے تعلق کو جوڑناافسوسناک ہے اور اس پروگرام سے طالب علموں کو محروم کرنا اوربھی خراب ہے۔2008 سے ایبٹ آباد کے چار سرکاری اور ایک نجی اسکول کی برطانیہ کے بلیک برن( Blackburn) شہر کے چار اسکولوں کے ساتھ پارٹنرشپ تھی۔اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر پروگرام سے آگاہی رکھنے والے اعلی عہدے دار نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ برٹش کونسل مربوط کلاس رومزConnecting Classrooms پروگرام کی نگرانی کرتی تھی اور اس کے لیے 30ہزار پونڈ(48ہزار ڈالر) کے فنڈزدیتیتھی۔دونوں ممالک کے طلبا سرگرمیوں کا تبادلہ خیال کرتے تھے۔دونوں ممالک کے طلبا ایک دوسرے کو نظمیں بھیجنے ،اپنے اپنے اسکولوں میں ثقافتی کارنر کے قیام اور قومی تعطیلات پر ایک دوسرے کو مبارکباد کے تبادلے کرتے تھے۔حالیہ مہینوں میں سرگرمیاں سست روی کاشکار ہی اور مالی امداد ختم ہوگئی ہے۔ برٹش کونسل نے پروگرام کو از سر نو تجدید کا وعدہ کیا تھا اور اس سلسلے میں پانچ ایبٹ آباد کے اساتذہ نے وسط مئی میں بلیک برن کا دورہ کرنا تھا۔ لیکن اسامہ بن لادن کے آپریشن نے ہر چیز کھٹائی میں ڈال دی اور ایبٹ آباد کو دنیا کے بدنامی کے نقشے پرڈال دیا۔ خبر رساں ادارے کے مطابق بلیک برن اسکول حکام ایبٹ آباد کے اساتذہ کے دورے کو برطانوی ذرائع ابلاغ میں غلط رنگ میں اچھالے جانے کے خوف سے دوچار ہیں۔پاکستانی اساتذہ کا نہ صرف دورہ منسوخ کیا گیا بلکہ طے شدہ ویڈیو کانفرنس بھی نہیں کی گئی۔بلیک برن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ برٹش کونسل کی طرف سے دی جانے والی فنڈنگ ختم ہوگئی ہے۔برٹش کونسل کے مطابق ایبٹ آباد بلیک برن شراکت تین سال کے لیے تھی جو ختم ہو چکی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.