29 جون 2011
وقت اشاعت: 12:59
میر پورخاص میں آم کیباغات تیز ی سے کاٹے جانے کا انکشاف
جنگ نیوز -
میرپورخاص...میرپورخاص میں آموں کے درختوں کی کٹائی میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے۔ڈی پی او میرپور خاص کا کہنا ہے کہ محکمہ زراعت کے حکام سے مشورے کے بعد دفعہ ایک سو چوالیس لگائی جاسکتی ہے۔آم ،میرپور خاص کی خاص سوغات ہے،جو نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بھی برآمد کی جاتے ہیں لیکن گذشتہ چند ماہ میں آموں کے درخت اتنی تیزی سے کاٹے جارہے ہیں کہ خدشہ ہوچلا ہے کہ پانچ سال کے بعد میرپور خاص کے آم دستیاب بھی نہیں ہوں گے۔ان درختوں کو کاٹ کر نہایت خاموشی سے لکڑیوں کے ٹرک بڑے شہروں کو روانہ کردیئے جاتے ہیں۔اس کی وجہ سے لکڑی کی فی من قیمت دو سو پچاس روپے فی من سے کم ہوکر ایک سو پچیس روپے فی من پر جاپہنچی ہے۔ڈی پی او میر پور خاص غلام حسین میمن کا کہنا ہے کہ زراعت میں ریسرچ پر کوئی توجہ نہیں ہے۔سیم اور تھور کی وجہ سے تیس فیصد آم کے درخت ختم کیے جاچکے ہیں۔اور زمیندار گنے ، کپاس اور گندم کی فصلوں کو ترجیح دے رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مختلف سیمینارزمیں کاشتکاروں کو آم کی مزید اقسام اُگانے اور آم محفوظ کرنے کے پلانٹ لگانے کا مشورہ دیا جارہا ہے۔ غلام حسین کا کہنا تھا کہ یوں تو آم کے باغات لوگوں کی ملکیت ہے، پھر بھی اگر حکام اجازت دیں تو دفعہ ایک سو چوالیس لگائی جاسکتی ہے۔