29 جون 2011
وقت اشاعت: 18:14
این آئی سی ایل کیس،وفاقی سیکریٹریز کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت
جنگ نیوز -
اسلام آباد… وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری، سیکریٹری داخلہ اور سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ نے سپریم کورٹ میں توہین عدالت کیس میں جواب داخل کرادیے ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈی جی ظفر قریشی نے لوٹی رقم واپس د لائی انہیں کام سے کیوں روکا گیا، عدالت تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ سپریم کورٹ میں چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے این آئی سی ایل کرپشن کیس میں تینوں وفاقی سیکریٹریز کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔ بابر اعوان نے عدالت میں سیکریٹری داخلہ کا جواب پڑھ کر سنایا جس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ بیان میں تضادات ہیں۔سابق سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ روٴف چوہدری اور وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری خوشنود لاشاری نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ انہوں نے اچھی نیت سے اقدام اٹھایا، وہ عدالت کے احکامات کی خلاف ورزی کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ چیف جسٹس نے ان سے استفسار کیا کہ ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈی جی ظفر قریشی کے تبادلے کے بارے سمری کا کیا اسٹیٹس ہے جس پر وہ خاموش رہے۔ ان کے وکیل بابر اعوان نے عدالت کو بتایا کہ خوشنود لاشاری ملک سے باہر تھے، انہیں معاملے کا علم نہیں۔ بابر اعوان نے عدالت کو بتایاکہ تینوں سیکریٹریز اور حکومت کا این آئی سی ایل کی تفتیش سے کوئی مفاد وابستہ نہیں، مزید سماعت یکم جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔