تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 جون 2011
وقت اشاعت: 18:14

سپریم کورٹ میں لاپتہ افراد کے کیس کی سماعت

جنگ نیوز -
اسلام آباد…جسٹس جاوید اقبال نے لاپتہ افراد کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ لواحقین نے سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کی نشاندہی کر کے ثبوتوں کے ساتھ الزامات عائد کیے ہیں لیکن ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ جسٹس جاوید اقبال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے لاپتہ افراد کے کیس کی سماعت کی۔ لاپتہ افراد کی وکیل عاصمہ جہانگیر نے عدالت کو بتایا کہ ایف سی اہلکار کئی ایسے واقعات میں ملوث پائے گئے ہیں، لاپتہ افراد سے متعلق قائم کمیشن کی سفارشات کے باوجود ایف سی اہلکاروں کے خلاف کارروائی نہیں ہوئی اوروزارت داخلہ نے بھی اس سلسلے میں کچھ نہیں کیا۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے کے آغا نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مسعود جنجوعہ اور فیصل فراز القاعدہ کے لیے نرم گوشہ رکھتے تھے۔ دونوں کے قبضے سے لیپ ٹاپ برآمد ہوئے جن سے القاعدہ کے ساتھ ان کے رابطوں کا پتا چلا، کے کے آغا نے بتایا کہ مسعود جنجوعہ اور فیصل فراز چھ سال پہلے قتل ہو چکے ہیں اور حامد میر نے اپنے کالم میں ان دونوں کے قتل ہونے کا ذکر کیا ہے۔اس موقع پر آمنہ مسعودد جنجوعہ نے عدالت کو بتایا کہ مسعود جنجوعہ اور فیصل فراز دونوں راول پنڈی میں ہیں اور زندہ ہیں، آمنہ مسعود جنجوعہ کا عدالت میں کہنا تھا کہ اگر یہ دونوں افراد چھ سال پہلے مارے جا چکے ہیں تو ان کی قبریں کہاں ہیں، آمنہ مسعود جنجوعہ نے کہا کہ دونوں کی میتوں کے ڈی این اے ٹیسٹ کروائے جا سکتے ہیں۔جس پر جسٹس جاوید اقبال نے آمنہ مسعود جنجوعہ کو ہدایت کی کہ ثبوت ان کے چیمبرمیں آکر پیش کریں۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.