29 جون 2011
وقت اشاعت: 18:26
سیلاب متاثرین کو ادائیگیاں ایک مرتبہ پھر تاخیر کا شکار
جنگ نیوز -
اسلام آباد…سیلاب متاثرین کو ادائیگیاں ایک مرتبہ پھر تاخیر کا شکار ہو گئی ہیں اور یہ ادائیگیاں اب اگلے مالی سال کے پہلے مہینے میں ادا کی جائیں گی ۔وزیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے اعلان کیا تھا کہ سیلاب متاثرین کو 20 ہزار روپے کی رقم 30 جون تک ادا کردی جائے گی لیکن اب سیلاب متاثرین کو خوشی کے اس لمحے کے لیے مزید ایک ہفتے انتظار کرنا پڑے گا۔ حکومتی ذرائع نے جیو نیوز کو بتایاکہ سیلاب متاثرین کو 32 ارب روپے کی ادائیگیاں 30 جون تک کی جانی تھیں لیکن اب یہ ادائیگیاں جولائی کے پہلے ہفتے میں کی جائیں گی۔ 32 ارب روپے کی رقم روکنے سے مالی خسارہ 5.3 فی صد محدود رکھنے میں مدد ملے گی۔ امریکا نے جون کے وسط میں سیلاب متاثرین کیلئے ساڑھے 19کروڑ ڈالر ادا کئے تھے۔ امریکا کی طرف سے یہ رقم وفاق کی جانب سے سیلاب متاثرین کو ادا کی جانی تھی جبکہ 16 ارب روپے صوبوں نے ادا کرنا تھے اور اس طرح 16 لاکھ متاثرین کو 20 ہزار روپے کے حساب سے 32 ارب روپے ادا کیے جانے تھے۔