29 جون 2011
وقت اشاعت: 18:26
ن لیگ کشمیری عوام کے مینڈیٹ کی توہین نہ کرے،ذکاء اللہ نیازی
جنگ نیوز -
ٹورنٹو…پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اورپی پی کینیڈا کے انفارمیشن سیکرٹری ذکاء اللہ خان نیازی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کشمیری عوام کی جانب سے پیپلز پارٹی کو دیئے گئے مینڈیٹ کی توہین نہ کرے۔ آزاد کشمیر کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کی شاندار کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ کشمیری عوام نے شہید بھٹو کے فلسفے پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے شریک چےئرمین ُصدر آصف علی زرداری ،وزیراعظم گیلانی اور کشمیر ی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کے عوام نے پیپلز پارٹی کو کامیاب کروا کر شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ کشمیری عوام نے پیپلز پارٹی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر کے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ شہید ذو الفقار علی بھٹو کے فلسفے پر نہ صرف یقین رکھتے ہیں بلکہ کشمیر کی آزادی کے لئے پیپلز پارٹی کے موٴقف کو مشعل راہ سمجھتے ہیں۔ذکاء اللہ نیازی نے آزاد کشمیر کے انتخابات کے دوران لاہور میں مسلم لیگ ن کی مبینہ غنڈہ گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن نے شکست کے خوف سے تمام اخلاقی اور جمہوری حدود کو پار کیا ہے جسے ملک بھر کے میڈیا نے براہ راست عوام کے سامنے پیش کر کے ن لیگ کی نام نہاد جمہوریت پسندی کی قلعی کھول دی ہے۔انہوں نے ن لیگ کی قیادت کو مشورہ دیا کہ اب بھی وقت ہے کہ وہ اپنی تمام پالیسیوں پر نظر ثانی کریں اور اخلاقی و سیاسی اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے جمہوری حکومت کا ساتھ دیں اورآئندہ عام انتخابات کا انتظار کریں۔