29 جون 2011
وقت اشاعت: 18:26
گلوکار راحت فتح علی خان نے 35لاکھ ٹیکس ادا کردیا
جنگ نیوز -
لاہور…گلوکار راحت فتح علی خان بھی بالآخر ٹیکس نیٹ میں آگئے ہیں،اور انہوں نے پہلی بار اپنے ذمے 35 لاکھ روپے کاٹیکس ادا کر دیا ہے۔لاہور میں انکم ٹیکس حکام نے جیو نیوز کو بتایا کہ گلوکار راحت فتح علی خان نے اپنے ذمے35 لاکھ روپے کاٹیکس ادا کر دیا ہے،حکام کے مطابق راحت علی خان کو محکمہ انکم ٹیکس نے متعدد بارنوٹس جاری کیے تھے وہ کچھ عرصہ پہلے بھارتی ایئرپورٹ پر غیر قانونی طور پر کرنسی لے جاتے ہوئے پکڑے گئے تھے،اس واقعے کے بعد پاکستان میں محکمہ انکم ٹیکس کی طرف سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ کروڑوں روپے کمانے اور قیمتی جائیداد رکھنے کے باوجود راحت فتح علی خان نے کبھی ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کرائے،اب انہیں این ٹی این نمبر جاری کر دیا گیا ہے اور انہوں نے ٹیکس بھی جمع کرا دیا ہے۔