29 جون 2011
وقت اشاعت: 18:26
آئی سی سی صدارت کی روٹیشن پالیسی میں آئینی ترمیم پر فیصلہ موخر
جنگ نیوز -
ہانگ کانگ…انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے صدارت کے لییروٹیشن پالیسی میں آئینی ترمیم پر فیصلہ موخر کردیا،جبکہ پاکستان اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ معاملہ حل ہونے تک وہ نائب صدر کا امیدوار نامزد نہیں کریں گے،ایگزیکٹیو بورڈ اجلاس میں پاکستان نے دوہزار اٹھارہ میں آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کی بھی خواہش ظاہر کی ہے۔ہانگ کانگ میں ہونیوالے اجلاس میں آئی سی سی صدارت کی روٹیشن پالیسی میں مجوزہ ترمیم پر بحث ہوئی، پاکستان اور بنگلا دیش کی مخالفت کے بعد ایگزیکٹو بورڈ نے اس پر فیصلہ اکتوبر تک موخر کردیا اور طے کیا کہ فیصلہ کرنے سے پہلے آزاد تجزیہ کروایا جائے ، پاکستان اور بنگلا دیش نے یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ اس پر فیصلہ ہونے تک آئی سی سی نائب صدر کیلئے امیدوار نامزد نہیں کریں گے۔ اجلاس میں آئی سی سی ٹاسک ٹیم نے اپنی رپورٹ بھی پیش کی، جس میں پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی اور دیگر معاملات کی بہتری کیلئے 63 سفارشات شامل ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے درخواست کی کہ دو ہزار اٹھارہ میں پاکستان کو آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی دی جائے ، تاہم آئی سی سی نے صرف درخواست پر غور کی حامی بھری۔