29 جون 2011
وقت اشاعت: 18:38
نان ٹیکس آمدنی کا ہدف حاصل نہیں ہوسکا،تر جمان وزارت خزانہ
جنگ نیوز -
اسلام آباد…رواں مالی سال نان ٹیکس آمدنی کا ہدف 524 ارب روپے رکھا گیا تھا تاہم تھری جی لائسنس میں تاخیر ، دہشتگردی کیخلاف جنگ کے واجبات کی عدم ادائیگی اور پٹرول پر سبسڈی کی وجہ سے یہ ہدف حاصل نہیں ہوسکے گا۔ وزارت خزانہ کے ترجمان رانا اسد امین نے میڈیا کو بتایاکہ اسٹیٹ بینک نے جولائی سے مارچ تک 125 ارب روپے کا منافع کما کردیا ۔30جون تک اسٹیٹ بینک مزید 60 ارب روپے کا منافع وفاق کو دے گا۔ اس طرح مرکزی بینک سے 185 ارب روپے حاصل ہوسکیں گے۔ رانا اسد امین نے بتایا کہ پٹرولیم لیوی کی مد میں 85 ارب روپے حاصل ہوئے ہیں جبکہ اس مد میں 110 ارب روپے حاصل ہونے کی توقع تھی۔ ان کا کہنا تھاکہ گیس ڈویلپمنٹ سرچارج کی مد میں 28 ارب روپے حاصل ہوئے ہیں جبکہ اس مد میں 31 ارب روپے حاصل ہونے کی توقع تھی۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کی مد میں 68 ارب روپے حاصل ہوئے ہیں جبکہ 43 ارب روپے حاصل ہونے کی توقع تھی۔