29 جون 2011
وقت اشاعت: 18:38
اسٹاک مارکیٹس میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی مالیت میں77فیصد کمی
جنگ نیوز -
کراچی…رواں سال جنوری سے جون تک پاکستانی اسٹاک مارکیٹس میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے 75 کروڑ ڈالر مالیت کے شیئرز کا لین دین کیا۔ ٹاپ لائن سیکورٹیز کی رپورٹ کے مطابق رواں سال جنوری سے جون کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پاکستانی اسٹاک مارکیٹس میں چالیس کروڑ 60 لاکھ ڈالر مالیت کے شیئرز خریدے اور 34 کروڑ پچاس لاکھ ڈالر مالیت کے شیئرز فروخت کئے۔ گذشتہ سال اسی عرصے میں پاکستانی اسٹاک مارکیٹس میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی مالیت ایک ارب دس کروڑ ڈالر تھی۔ اسطرح رواں سال جنوری سے جون کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری کی مالیت میں 77 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر غیر ملکی سرمایہ کاروں نے جنوری سے جون 2011 تک چھ کروڑ 35 لاکھ ڈالر مالیت کے شیئرز خریدے جبکہ گذشتہ سال اسی عرصے میں مجموعی طور پر 27 کروڑ ڈالر مالیت کے شیئرز خریدے تھے۔