30 جون 2011
وقت اشاعت: 4:15
ملک بھر میں شب معراج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی
جنگ نیوز -
اسلام آباد ... ملک بھر میں شب معراج انتہائی عقیدت و احترام اور مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی گئی شب معراج کے سلسلے میں پنجاب،سندھ خیبر پختونخوا،بلوچستان ،گلگت بلتستان،آزاد کشمیر اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں کی مساجد میں عبادات، نوافل، روحانی محافل اور خصوصی دعاوٴں کا اہتمام کیا گیا۔ علمائے کرام و خطیب حضرات نے شب معراج کے سلسلے میں منعقدہ محافل میں معجزہ معراج النبی کے واقعات اور نبی آخرالزماں کے اس عظیم المرتبت سفر کے مدارج تفصیل سے بیان کیے۔اس موقع پر مساجد اور دیگر مقامات پرچراغاں بھی کیا گیا ، رجب کی 27 ویں شب کو اللہ تعالی نے اپنے آخری نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو آسمان پر بلا کرمعراج کا شرف عطا کیا تھا۔