1 جولائی 2011
وقت اشاعت: 14:58
انتخابی دھاندلی کیخلاف ن لیگ کی درخواست اعتراض کے بعد واپس
جنگ نیوز -
مظفر آباد...آزاد کشمیر میں انتخابی دھاندلی اورپولنگ ملتوی کرنے کے خلاف مسلم لیگ ن کی جانب سے دائر کردہ درخواست اعتراض لگانے کے بعد واپس کردی گئی ہے جبکہ ایل اے 17 میں ری پولنگ کے فیصلے کے خلاف درخواست کو بھی مسترد کردیا گیا ہے اور ایم کیو ایم کی دائر درخواست پر سماعت کل تک ملتوی کردی گئی ہے۔مسلم لیگ ن کے وکیل ایڈوکیٹ راجہ صداقت نے آج آزاد کشمیر ہائی کورٹ میں ایک رٹ دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ مہاجرین جموں کشمیرکی تین نشستوں پر مبینہ دھاندلی ہوئی ہے، ان سیٹوں سے کامیاب امیدواروں کو حلف اٹھانے سے روکا جائے۔ ملتوی ہونے والی نشستوں پر رٹ میں موقف اختیارکیا گیا ہے کہ جب تک ووٹر لسٹیں درست نہیں کی جاتیں، ان حلقوں میں انتخابات نہ کرائے جائیں۔ اس رٹ پر فل بینچ میں موجود چیف جسٹس غلام مصطفیٰ مغل، جناب جسٹس چوہدری منیر ، جناب جسٹس تبسم آفتاب علوی نے سماعت کی اور مسلم لیگ ن کی جانب سے دائر کردہ درخواست کو ترمیم کے بعد دوبارہ دائر کرنے کا حکم دے دیا۔فل بینچ نے موقف اختیار کیا کہ رٹ کو ترمیم کے بعد دوبارہ دائر کیا جائے اورالیکشن ٹریبونل سے رجوع کیا جائے۔دریں اثناء فل بینچ نے آزاد جموں و کشمیر ہائی کورٹ ایل اے سترہ پونچھ ون سے امیدوار اسمبلی قیوم نیازی کی دائر رٹ کو خارج کردیا ہے۔ اور اس حلقہ میں شیڈول کے مطابق دوبارہ پولنگ کرنے کا حکم دیا ہے۔ دوسری جانب ایم کیوایم کی جانب سے مخصوص نشستوں پر انتخابی عمل روکنے کے لئے آزاد کشمیر ہائی کورٹ میں دائر رٹ کی سماعت آج پھر ہوئی،سماعت میں الیکشن کمیشن کے جواب پر بحث کی گئی۔ جس کے بعد کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی گئی۔