1 جولائی 2011
وقت اشاعت: 15:10
ایتھنز اسپیشل اولمپکس میں پاکستانی ایتھلیٹس کی شاندار کارکردگی جاری
جنگ نیوز -
ایتھنز...ایتھنز کے اسپیشل اولمپکس میں پاکستانی ایتھلیٹس کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے جس میں قومی دستے نے آج مزید تین گولڈ میڈل جیت لیے جبکہ منتظمین نے آٹھ سو میٹر میں پہلی پوزیشن پر آنیوالے رحیم اللہ بیگ کو ڈس کوالیفائی کردیا۔جمعہ کو ہونیوالے مقابلوں میں پاکستان کی بختاور گل نے سو میٹرز ریس جیت کر خود کو تیز ترین ایتھلیٹ کے طور پر منوالیا ، اس ریس میں سلور میڈل بھی پاکستان کے نام رہا جو عائشہ افتخار نے جیتا۔ہائی جمپ کے ایونٹ میں پاکستان کے عدیل عامر نے گولڈ میڈل جیتا جبکہ بیڈمنٹن سنگلز میں رابعہ نے چین کی لم ہاوٴ کو شکست دے کر طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔ مردوں کی دو سو میٹر ریس میں پاکستان کے سخاوت علی نے چاندی کا تمغہ جیتا۔ سائیکلنگ کے مقابلوں میں پانچ کلو میٹر ٹائم ٹرائل میں نذیر احمد اور بلاول اسلم نے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ گرلز باسکٹ بال میں پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو اکتیس۔ دس سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ پاکستان آج آٹھ سو میٹر میں بھی گولڈ میڈل جیت سکتا تھا، لیکن ریس میں پہلی پوزیشن پر آنے والے رحیم اللہ بیگ کو ریس قوانین کے تحت مکمل نہ کرنے کی وجہ سے گولڈ میڈل سے محروم کردیا گیا ، تاہم اسپیشل اولمپکس پاکستان کے چیئرمین سعید احمد کا کہنا ہے کہ رحیم نے قوانین کی خلاف ورزی نہیں کی تھی، کمیٹی کو پوری وڈیو پیش کریں گے۔