1 جولائی 2011
وقت اشاعت: 15:1
پاکستان اور بھارت کے درمیان قیدیوں کی فہرستوں کاتبادلہ
آج نیوز - پاکستان اور بھارت نے دوہزار آٹھ کے معاہدے کے پیش نظر یکم جولائی کو ایک دوسرے کی جیلوں میں موجود قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا ہے۔ پاکستان کے چھ سو چھیالیس شہری بھارت میں جبکہ بھارت کے تین سو اڑتالیس شہری پاکستانی جیلوں میں قید ہیں۔پاکستان اور بھارت کے درمیان دوہزارآٹھ کے قونصلر تک رسائی کے معاہدے کے تحت ہر سال یکم جنوری اور یکم جولائی کو ایک دوسرے کی جیلوں میں موجود قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ کیا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق یکم جولائی کو دونوں ملکوں نے اس معاہدے کی پاسداری کرتے ہوئے قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ کیا۔ ذرائع کے مطابق دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ایک سینئر اہلکار کو بھارتی وزارت خارجہ میں بلا کر بھارتی جیلوں میں قید پاکستانی شہریوں کی فہرست حوالے کی گئی جبکہ اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے ایک سینئر اہلکار کو دفتر خارجہ میں بلا کر بھارتی قیدیوں کی فہرست انکے حوالے کی گئی۔پاکستانی حکومتی ذرائع کے مطابق اس وقت چھ سو چھیالیس پاکستانی شہری بھارتی جیلوں میں قید ہیں۔ ان میں نوے ماہی گیر اور پانچ سو چھپن سویلین قیدی ہیں۔ بھارتی حکام کی فہرست کے مطابق چار سو ستر پاکستانی شہری بھارتی جیلوں میں ہیں جن میں نوے ماہی گیر اور دیگر سویلین قیدی ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس وقت تین سو اڑتالیس بھارتی شہری پاکستانی جیلوں میں ہیں جن میں چوہتر ماہی گیر اور دیگر سویلین قیدی شامل ہیں۔