1 جولائی 2011
وقت اشاعت: 18:23
اسلام آباد: عالمی ادارہ صحت کا گودام جل گیا،4لاکھ ڈالر کی دوائیں ضائع
جنگ نیوز -
اسلام آباد…اسلام آباد کے صنعتی علاقہ سیکٹر آئی نائن میں عالمی ادارہ صحت کا دواؤں گودام،آتشزدگی سے خاکستر ہوگیا ہے، آگ سے چارلاکھ ڈالر کی قیمتی ادویات ضائع ہوگئیں۔تقریبا دو ہفتوں کے دوران اس علاقہ میں اپنی نوعیت کا یہ دوسرا بڑا واقعہ ہے۔ سیکٹر آئی نائن تھری میں واقع ادویہ کے اس بڑے ویئرہاوٴس میں آگ آج دن میں اچانک بھڑک اٹھی۔ اطلاع ملنے پر فائربریگیڈ اور ریسکیو کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں، امدادی حکام کے مطابق آگ سے ویئرہاوٴس میں پڑی تمام ادویہ اور سامان ضائع ہوگیا اور کافی جدوجہدکے بعدآگ پر قابو پایا جا سکا،واقعہ میں جانی نقصان نہیں ہوا۔ آتش زدگی کا ایسا ہی واقعہ 15 جون کو اسی سیکٹر میں ہوا تھا، جب آئی نائن ٹو میں واقع ایک اور غیرملکی فلاحی تنظیم کا ایک بڑا ویئرہاوٴس ، آتشزدگی کا شکار ہوا۔عالمی ادارہ صحت کے نمائندے ڈاکٹرگوئیڈو نے میڈیا کوبتایاہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ ان کا کہنا تھا کہ مون سون کی آمد سے قبل سیلاب و زلزلہ زدہ علاقوں کیلئے ادویات کو اس ویئرہاوس میں اسٹاک کیاگیاتھا۔