2 جولائی 2011
وقت اشاعت: 8:41
این آئی سی ایل:مونس الہٰی کے مینجر کو گرفتار کرنیوالے افسران کا تبادلہ
جنگ نیوز -
لاہور…این آئی سی ایل کیس کی تفتیش کرنے والے ایف آئی اے لاہور کے چار اہم افسران کا تبادلہ دور دراز علاقوں میں کردیا گیا، نوٹی فکیشن رات گئے جاری کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق این آئی سی ایل کیس کی تفتیش کے دوران یہ چاروں افسران ظفر قریشی کے ساتھ تفتیش کرتے رہے اور سپریم کورٹ کی جانب ظفر قریشی کے تبادلے کے احکامات کی منسوخی کے بعد ان افسران کا تبادلہ کردیا،ڈپٹی ڈائریکٹر جاوید شاہ کو لاہور سے ڈیرہ اسماعیل خان، اسٹنٹ ڈائریکٹر محمد احمد کو تربت، اسٹنٹ ڈائریکٹر خالد انیس کوپشاور اور انسپکٹر محمد سرور کا تبادلہ گوادر کردیا گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ تبادلے کے احکامات رات گئے جاری کئے گئے اور انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ فوری طور پر چارج چھوڑ کر نئی تعنیاتی پر رپورٹ کریں۔این آئی سی ایل کی تفتیش میں ان چاروں افسران نے چودھری پرویز الٰہی کے بیٹے مونس الٰہی کے دفتر پر چھاپہ مارکر ان کے مینجر عبدالمالک کو گرفتار کیا تھا۔