2 جولائی 2011
وقت اشاعت: 9:23
ملک میں کپاس کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری
جنگ نیوز -
کراچی…ملک میں کپاس کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، پنجاب میں قیمت 8 ہزار جبکہ سندھ میں 7 ہزار 800 روپے فی من ہوگئی۔پاکستان کاٹن جنرز ایسو سی ایشن کے ایگزیکٹیو ممبر احسان الحق کے مطابق پنجاب میں گزشتہ دن کپاس کی قیمتوں میں 300 روپے کمی ہوئی ہے۔ رواں ہفتے پنجاب میں کپاس کی قیمتیں 850 روپے فی من کم ہوکر 8 ہزار روپے ہوگئی ہیں۔ دوسری جانب ممبر کراچی کاٹن ایکس چینج عامر نسیم کے مطابق سندھ مین کپاس کی قیمتیں 400 روپے فی من کمی کے بعد 7 ہزار 800 روپے کی سطح پر آگئی ہیں۔ صوبے میں رواں ہفتے کپاس کی قیمتیں 800 روپے فی من کم ہوگئیں ہیں۔ ماہرین کے مطابق کمی کی وجہ بین القوامی سطح پر کپاس کی قیمتوں میں مندی ہے۔ گزشتہ روز امریکی،بھارتی اور چینی منڈیوں میں کپاس کی قیمتوں میں 4 سے 7 فی صد تک کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔