2 جولائی 2011
وقت اشاعت: 18:7
کراچی: 9گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ،مرمتی کام نہ ہونے سے بجلی کی ترسیل متاثر
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . گرمی کی شدت میں کمی کے باوجودکراچی میں 9گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے،جبکہ کے ای ایس سی اوراحتجاجی ملازمین کے تنازع کی وجہ سے مختلف علاقوں میں کئی ہفتوں سے مرمتی کام نہ ہونے سے بجلی کی فراہمی کانظام متاثر ہے۔کراچی کے شہریوں کیلئے کے ای ایس سی انتظامیہ اور یونین کا تنازع وبال جان بن گیاہے۔شہر کے مختلف علاقوں میں کئی ہفتوں اسکیم اورزیادہ وولٹیج، پی ایم ٹی کی خرابی یا کیبل فالٹس کی شکایات دور نہیں کی جارہی ہیں۔ذرائع کے مطابق کراچی کے بعض علاقوں میں3سے ساڑھے چارگھنٹے جبکہ متعددعلاقوں میں6سے9 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے،جس کے باعث شہریوں کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔کے ای ایس سی ترجمان کا کہناہے کہ فنی خرابیاں دور کرنے میں احتجاجی ملازمین رکاوٹ بن رہے ہیں اور سوئی سدرن گیس کمپنی سے مطلوبہ مقدار میں گیس ملتے ہیں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ معمول پرآجائیگا۔ ترجمان نے بتایا کہ انتظامیہ نے 4500غیرپیداواری شعبے کے ملازمین کیلئے رضاکارانہ علیحدگی اسکیم کی آخری پیشکش کردی ہے جبکہ چیئرمین سی بی اے یونین محمداخلاق کا کہنا ہے کہ ملازمین کے کام پر واپسی تک جدوجہد جاری رہے گی۔