3 جولائی 2011
وقت اشاعت: 13:32
لاہورپولیس کی نااہلی،گاڑی چوری روکنے کاعجیب طریقہ ایجاد کرلیا
جنگ نیوز -
لاہور...لاہور پولیس نے اپنی نااہلی چھپانے اور گاڑیوں کی چوری روکنے کے لئے عجیب و غریب طریقہ ایجاد کر لیا۔ گڑھی شاہو میں پولیس نے گھروں کے باہر کھڑی گاڑیاں پنکچر کر دیں۔گڑھی شاہو کے علاقے ریلوے اسٹیڈیم سے ملحقہ غازی محلہ کے رہائشی اتوار کی صبح جب گھروں سے نکلے تو یہ دیکھ کر پریشان ہو گئے کہ گلی میں کھڑی درجن سے زائد گاڑیاں پنکچر تھیں۔ گاڑیوں کے دو دو ٹائر پنکچر کئے گئے تھے۔ گاڑی مالکان کو بعد میں پتہ چلا کہ یہ گاڑیاں کسی اور وجہ سے نہیں بلکہ مقامی پولیس کے شیر جوانوں نے سوئے مار کے ٹائر پھاڑ دیئے ہیں۔لوگوں کا کہنا ہے کہ پولیس نے یہ حرکت اپنی نااہلی چھپانے کے لئے کی ہے۔ وہ چور تو پکڑ نہیں سکتے، الٹا لوگوں کا نقصان کرنے پر تل گئے ہیں۔ جب پولیس سے اس بارے میں پوچھا گیا تو اس کا موٴقف تھا کہ انہوں نے گاڑیوں کی چوری روکنے کے لئے ایسا کیا ہے۔