3 جولائی 2011
وقت اشاعت: 18:27
کراچی سے زیادہ سواتمیں امن ہے، حاجی عدیل
جنگ نیوز -
پشاور…عوامی نیشنل پارٹی کے قائم قام صدر سینیٹرحاجی محمد عدیل نے کراچی میں پانچ اضلاع کے سابقہ نظام کی بحالی اور قیام امن کیلئے سہ جماعتی معاہدے پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا ہے۔پشاورمیں میڈیا سے گفتگومیں حاجی محمد عدیل نے کہا ہے کہ اس وقت کراچی سے زیادہ سوات میں امن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں اختیارات تقسیم ہوچکے ہیں لیکن کراچی میں اختیارات کا ارتکازقائم ہے۔حاجی عدیل نے کہا کہ پختونوں کو تقسیم کرنے کیلئے حلقہ بندیاں کی گئیں ،الیکشن کمیشن دوبارہ حلقہ بندیاں کرے۔ان کا کہناتھا کہ بجلی منافع کی مدمیں وفاق کے ذمہ صوبہ کے 225 ارب روپے واجب الاداہیں۔ حاجی عدیل کا کہناتھا کہ اس وقت وفاقی کابینہ کے وزیربے محکمہ خزانے پربوجھ بنے ہوئے ہیں کیونکہ اتحادیوں کو وزارتیں دیکرخوش کیا جارہاہے۔ ان کا کہناتھا کہ پارٹی مقبولیت میں اضافہ ہواہے۔انہوں نے کہا کہ خودمختاری ملنے سے صوبہ میں 40 ہزار میگا واٹ بجلی پیداکی جاسکے گی۔