3 جولائی 2011
وقت اشاعت: 18:27
مڈٹرم الیکشن کا وقت گزر گیا، نوازشریف عام انتخابات کی تیاری کریں، گیلانی
جنگ نیوز -
ملتان …وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ مڈٹرم الیکشن کی بات بلدیاتی الیکشن سے توجہ ہٹانے کے لئے کی جا رہی ہے ، مڈٹرم الیکشن کا وقت گزر چکا اب میاں نواز شریف آئندہ عام انتخابات کی تیاری کریں۔یہ بات انہوں نے ملتان ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں کہی ۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ ہماری مفاہمت کی سیاست پر تنقید کرتے تھے وہ آج ہمارے موقف کو تسلیم کرتے ہوئے ایم کیو ایم سے بات کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اسمبلی میں چوتھا بجٹ پیش ہو چکا ، مڈٹرم انتخابات کا وقت گزر چکا عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے مڈٹرم انتخابات کی بات کی جا رہی ہے یہ کہنے والے پہلے بلدیاتی انتخابات تو کرائیں پھرعام انتخابات ہوں گے۔ میں بلدیاتی نظام اور انتخابات کے حق میں ہوں یہ صوبائی معاملہ ہے اس میں مداخلت نہیں کرنا چاہتا اس لئے صوبائی حکومتیں بلدیاتی انتخابات کرائیں ۔انہوں نے کہا کہ شمالی وزیر ستان میں فوجی آپریشن کے فیصلہ پر ہمیں کسی سے مشاورت کی ضرورت نہیں ، اگر ملکی مفاد میں ہوا تو آپریشن کریں گے ورنہ نہیں۔ شمسی ائیر بیس امریکا کو ڈرون حملوں کیلئے نہیں دی گئی سابق حکومت نے شمسی ائیر بیس سے صرف نگرانی کی اجازت دی تھی۔ انکا کہنا تھا کہ سیاست میں روزانہ نئی پیشرفت ہوتی ہے ، ہماری مفاہمت کی سیاست جاری رہے گی ،قومی امور پر کوئی سیاسی جماعت علیحدہ نہیں ہوئی۔ میاں نواز شریف مجھے ٹف ٹائم نہیں دے رہے عوام ساتھ ہوں تو کوئی ٹف ٹائم نہیں دے سکتا۔ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف سے میرے بہترین جمہوری اور پارلیمانی روایت کے مطابق تعلقات رہیں گے۔سرائیکی صوبہ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ مطالبہ صرف میرا نہیں اس پورے خطے کا ہے اور مطالبہ کوئی لولی پاپ نہیں ہوتا، کرکے دکھائیں گے۔