3 جولائی 2011
وقت اشاعت: 19:58
واپڈا کی جانب سے کراچی کے پانی کی کٹوتی کا نوٹس لیا جائے،رابطہ کمیٹی
جنگ نیوز -
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے واپڈا کی جانب سے واٹر بورڈ کے کوٹے سے ڈھائی کروڑ گیلن یومیہ پانی کی کٹوتی پر گہری تشویش کا اظہا ر کیا ہے اور اس عمل کو غیر قانونی و غیر آئینی قر ار دیا ہے ۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ کراچی کو دس کر وڑگیلن یومیہ پانی منظور ہوا ہے لیکن گزشتہ کئی ماہ سے واپڈا ڈھائی کروڑ گیلن پانی کی کٹو تی کر رہا ہے جو نہ صرف سراسر ظلم و ناانصافی ہے بلکہ شہریوں کے حق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ واپڈا کے اس عمل سے شہریوں خصوصاً پہاڑ گنج ،بلدیہ ،سائٹ ، میڑوول ،نارتھ کراچی،سرجانی سمیت دیگر علاقوں میں پانی کا شدید بحران پید اہوگیا ہے جس کی وجہ سے ان علاقوں کے مکینوں کو شدید پریشانی لاحق ہوگئی ہے جبکہ اطلاعات کے مطابق واٹر بورڈ کے اعلیٰ افسران کی جانب سے مسلسل خطوط اور یاد دہانی کے باجود واپڈا کے افسران کے کان پر جو ں تک نہیں رینگ رہی اور مسلسل ہٹ دھرمی کا مظاہر ہ کیاجارہاہے ۔رابطہ کمیٹی نے کہا کہ شہری پہلے ہی بجلی کی لوڈ شیڈنگ ،گیس ،پیڑول ،سی این جی، روزمرہ استعمال کی اشیاء خوردنوش کی قیمتوں پر اضافہ اور مہنگا ئی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں اور اب واپڈا کی جانب سے شہریوں کو پانی جیسی بنیادی ضرورت سے بھی محروم کیا جارہا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔رابطہ کمیٹی نے صدر آصف علی زرداری،وزیراعظم سیدیوسف رضاگیلانی اوروزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ واپڈا کی جانب سے واٹر بورڈ کے کوٹے سے پانی کی کٹوتی کا سختی سے نوٹس لیا جائے اور اس میں ملوث واپڈا کے افسران کے خلاف فی الفور کاروائی کی جائے ۔دریں اثناء حق پرست ارکان سندھ اسمبلی نے کراچی سمیت ملک بھر میں طویل اور غیر اعلانیہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ملک بھر سے توانائی کا بحران ختم کرنا ناگزیر ہوچکا ہے اور اس بحران سے نمٹنے کیلئے حکومتی سطح پر مثبت اور عملی اقدامات کی جس قدر آج ضرورت ہے اس سے قبل نہیں تھی ۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ بجلی جیسی بنیادی ضرورت سے ایک جانب عوام پہلے ہی محروم ہیں ، ملک بھر میں کاروباری و صنعتی ترقی شدید متاثر ہورہی ہے ، کاروباری طبقہ ملک سے سرمایہ منتقل کرنے پر مجبور ہے جبکہ دوسری جانب بجلی کے نرخوں میں بار بار اضافہ کرکے عوام کے ساتھ مسلسل ناانصافی اور ظلم کا عمل روا رکھاجارہا ہے جس کے باعث ملک بھر کے عوام میں شدید بے چینی پائی جارہی ہے اور وہ بجلی بحران پر احتجاج کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی ملک میں بجلی کے بحران کا پیدا ہونا اور اس پر قابو پانے کیلئے حکومتی سطح پر کوئی اقدامات نہیں کرنا ملک کو معاشی ، کاروباری اور صنعتی تباہی کی دلدل میں دھکیلنے کے مترادف ہے اور بجلی بحران پر ملک بھر کے عوام کو دلدل سے نکالنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہونا چاہئے ۔ حق پرست ارکان نے صدر آصف زرداری، وزیراعظم گیلانی اوردیگر سے مطالبہ کیاکہ وہ اس معاملے کا سختی سے نوٹسلیکر عوام کو بجلی کی لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات دلائیں۔