تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
3 جولائی 2011
وقت اشاعت: 19:58

پنجاب ، خیبر پختونخوا سمیت بالائی علاقوں میں بارشیں،8افراد جاں بحق

جنگ نیوز -
لاہور…پنجاب،خیبرپختون خوا، آزادکشمیراور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ہے،تاہم بارش کے دوران مختلف علاقوں میں چھتیں اور دیواریں گرنے سے8افراد جاں بحق اور60سے زائد زخمی ہوگئے۔ لاہور کے علاقے مصری شاہ کے علاقے میں دو مقامات پر گھروں کی چھتیں گرنے سے باپ بیٹی ہلاک اور6افرادزخمی ہو گئے،اس کے علاوہ ہنجروال میں سائن بورڈ گرنے سے2افراد زخمی ہوئے۔جوہرٹاوٴن میں دیوارگرنے سے ایک،کینال ویو اسکیم میں چھت گرنے سے2افراد اور پیکو روڈ کے علاقے میں چھت گرنے سے2افراد زخمی ہو گئے۔ فیصل آباد شہر اور گردونواح میں تیز آندھی کے بعد موسلا دھار بارش کے دوران مختلف علاقوں میں درخت اکھڑ گئے اور کئی سائن بورڈز گر گئے۔اسپتال ذرائع کے مطابق لاٹھیاں والا، کھرڑیانوالہ، اعظم آباد اور فاروق آباد میں گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے خاتون اور بچے سمیت چار افراد جاں بحق جبکہ تیس سے زائد زخمی ہوگئے۔کئی افراد بجلی کا کرنٹ لگنے سے بھی زخمی ہوئے،جھنگ میں طوفانی بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے،جبکہ مختلف علاقوں میں دیواریں گرنے سے تین افراد زخمی ہوئے۔چنیوٹ میں طوفانی بارش نے تباہی مچادی،نشیبی علاقوں کے علاوہ مقامی قبرستان بھی زیر آب آگیا،بارش کا پانی ڈی سی او اور ڈی پی او آفسزکے علاوہ سیشن کورٹ، اور ڈی ایچ کیو اسپتال میں بھی داخل ہوگیا جبکہ مختلف علاقوں میں گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے 15 افراد زخمی ہوئے۔ مون سون کی بارشوں کے باعث ہیڈ قادرآباد کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی سطح میں بدستور اضافہ ہورہا ہے،جبکہ قادر آباد بیراج کے دروازے اچانک کھلنے کے باعث چھنی سلطان سمیت نشیبی علاقے بھی زیر آب آگئے ہیں۔ کوہاٹ کے علاقے جنگل خیل میں بارش کے دوران مکان کی چھت گرنے اور کرنٹ لگنے سے دو افراد جاں بحق ہوئے۔لکی مروت اور نوشہرہ سمیت خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔وادی نیلم، جہلم اور گڑھی دوپٹہ سمیت آزادکشمیر اور استور سمیت گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.