4 جولائی 2011
وقت اشاعت: 10:55
میانوالی:لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج ، فائرنگ،شہری ہلاک،ڈی سی او زخمی
جنگ نیوز -
میانوالی…میانوالی میں بجلی کی بلا رکاوٹ فراہمی کے لئے کئے جانے والے لانگ مارچ پر پولیس نے لاٹھی چارج کر دیا۔ آنسو گیس کی شیلنگ، ہوائی فائرنگ اور مظاہرین کے پتھراوٴ سے علاقہ میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا، فائرنگ سے ایک شہری ہلاک اور10زخمی ہو گئے جن میں سے 2کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ ادھر مظاہرین کے ساتھ تصادم میں ڈی سی او اور 3پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ میانوالی میں مختلف تنظیموں اور جماعتوں کی اپیل پر مکمل شٹر ڈاوٴن کیا گیا۔ ہزاروں افراد نے جہاز چوک میں دھرنا دیا اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔ دھرنے کے شرکاء نے بعد میں چشمہ پاور پلانٹ کی جانب مارچ کیا۔ مظاہرین کو چشمہ پلانٹ کی طرف جانے سے روکنے کے لئے پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کے شیل پھینکے۔ جواب میں مشتعل افراد نے پتھراوٴ کیا۔ پولیس کی جانب سے ہوائی فائرنگ بھی کی گئی جس سے مارچ کے شرکاء میں بھگدڑ مچ گئی۔ پولیس نے مظاہرے کے دوران ایک مشکوک شخص کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے پستول برآمد کر لیا جبکہ فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور 3پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ مظاہرین نے پولیس کی ایک گاڑی کو آگ بھی لگا دی۔