4 جولائی 2011
وقت اشاعت: 18:22
پولیس کوبدکردارپولیس والوں سے پاک کیاجائے،لاہورہائیکورٹ
جنگ نیوز -
لاہور…لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس مسٹر جسٹس اعجاز احمد چودھری نے آئی جی پنجاب کو حکم دیا ہے کہ محکمہ پولیس کو بدکردار، کرپٹ اور نااہل پولیس والوں سے پاک کیا جائے۔عدالت نے یہ حکم شادی شدہ خاتون کے ساتھ نکاح کرنے والے ایس ایچ او ستوکتلہ غلام دستگیر کے خلاف درخواست کی سماعت کے دوران دیا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ بدکردار اور کرپٹ پولیس والے عوام کی داد رسی کیسے کر سکتے ہیں۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب جاوید اقبال نے عدالت میں پیش ہو کر بتایا کہ ایسے تمام اہلکاروں کو جن کے خلاف انکوائریاں چل رہی ہیں اور جو مقدمات میں ملوث ہیں انہیں عہدوں سے فارغ کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ ایس ایچ او غلام دستگیر کو معطل کر کے اس کے خلاف انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔ عدالت نے کیس پر مزید کارروائی ایک ماہ کے لئے ملتوی کر دی۔