4 جولائی 2011
وقت اشاعت: 18:45
سی این جی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے حکومت کو11جولائی تک ڈیڈلائن
جنگ نیوز -
اسلام آباد…آل پاکستان سی این جی سپریم کونسل نے حکومت کو ملک بھر میں سی این جی لوڈشیڈنگ کے مکمل خاتمے کیلئے 11 جولائی کی ڈیڈلائن دی ہے۔ غیاث پراچہ کاکہنا ہے کہ مطالبات منظور نہ ہوئے تو سول نافرمانی کی تحریک چلائیں گے۔ آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کی سپریم کونسل کے چیئرمین غیاث پراچہ نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس میں کہاہے کہ ملک میں قدرتی گیس کی قلت نہیں ہے، بلکہ تقسیم غلط ہے۔ غیاث پراچہ نے کہا کہ سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ نہ کیا جائے، ان افسران کو فوری طور پر برطرف کیا جائے، جنہوں نے عوام کیخلاف سازش کی۔ انہوں نے کہا کہ سی این جی کٹس میں 15کھرب روپے کی سرمایہ کاری ہے ، جبکہ سی این جی اسٹیشنوں کی تنصیب پر ملک بھر میں 16کھرب کی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔ غیاث پراچہ نے کہا کہ سول نافرمانی کی تحریک کے دوران پارلیمنٹ کا گھیراؤ کیاجائیگا۔انہوں نے بتایاکہ وفاقی وزیر پٹرولیم نے لوڈ شیڈنگ ڈیڑھ دن تک لانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔