5 جولائی 2011
وقت اشاعت: 10:22
جھوٹی ایف آئی آر کا اندراج روکنے کیلئے ضابطہ فوجداری میں ترمیم کی تجویز
جنگ نیوز -
اسلام آباد…قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف نے اتفاق رائے سے جھوٹی ایف آئی آر روکنے کے لئے ضابطہ فوج داری میں ترمیم کر نے کی منظوری دیتے ہو ئے کمیٹی قائم کر دی ہے جو ایک ماہ میں تجاویز مرتب کرے گی۔قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کا اجلاس کمیٹی کی چئیرپرسن نسیم اختر چودھری کی زیر صدارت ہوا۔کمیٹی کے ارکان نے رکن اسمبلی نزہت صادق کی جانب سے جھوٹی ایف آئی آر کی سزا میں ضابطہ فوج داری کی دفعہ 182میں ترمیم سے متعلق بل پر مکمل اتفاق کیا۔ ایس اقبال قادری نے کمیٹی کو بتایا کہ انتخابی اصلاحات کا عمل رواں ماہ مکمل ہوجائے گا۔وزیر قانون نے کمیٹی کو بتایا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے دہری شہریت کے حامل اراکین پارلیمان کے لیے قانون سازی کا مطالبہ غیر ضروری ہے کیونکہ 1976 کے عوامی نمائیندگی ایکٹ کے تحت دہری شہریت والا الیکشن نہیں لڑ سکتا۔جس پر رکن قائمہ کمیٹی تسنیم صدیقی نے کہا کہ جب قانون موجود ہے تو پھر الیکشن کمیشن نے دوبارہ قانون سازی کا کیوں کہا ہے اور جو لوگ اسمبلیوں میں بیٹھے ہو ئے ان کا کیا ہو گا ؟وزیر قانون نے کہا کہ دہری شہریت والے کے خلاف انتخابی فارم میں خانہ شامل کرنے کا معاملہ دیکھیں گے اور یہ کام حلقے کے لوگوں کا ہے کہ وہ دوہری شہریت والے اراکین کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دیں۔