5 جولائی 2011
وقت اشاعت: 18:2
ہڑتالیں شروع کیں توحکومت کے خاتمے تک جاری رہیں گی،الطاف حسین
جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد ا لطاف حسین نے قصبہ کالونی، اورنگی ٹاوٴن،کٹی پہاڑی اورشہرکے دیگرعلاقوں میں مسلح دہشت گردوں کی جانب سے آبادیوں پر حملوں، گھروں کونذرآتش کرنے،معصوم وبے گناہ افرادکوگولیوں کانشانہ بنانے اوردیگرپرتشددکارروائیوں کی شدیدمذمت کی ہے ۔اپنے ایک بیان میں۔ الطاف حسین نے کہاکہ آج مسلح دہشت گردوں اورجرائم پیشہ عناصرنے قصبہ کالونی، اورنگی ٹاوٴن،کٹی پہاڑی اور دیگرملحقہ علاقوں میں گھروں پر جدیدوخودکارہتھیاروں سے حملے کئے ، گھروں کولوٹا، کئی گھروں کو نذرآتش کیااورکئی معصوم وبے گناہ افرادکوگولیاں مارکرشہیدوزخمی کردیاگیا۔شہرمیں آج صبح سے دہشت گردی کایہ بازارگرم ہوتارہامگرپولیس وانتظامیہ خاموش تماشائی بنی رہی اوردہشت گردوں کوکھلے عام کارروائی کی کھلی چھوٹ دیدی گئی۔ الطاف حسین نے صدرآصف زرداری اور وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم نے اپنا جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے حکومت سے علیحدگی کاجوفیصلہ کیا ہے کیااس کی سزاہمیں اس طرح دی جائے گی کہ کراچی کے نہتے شہریوں کومسلح دہشت گردوں کے ذریعے بربریت کانشانہ بنایاجائے گااوران دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے انکی پشت پناہی کی جائے گی؟انہوں نے کہاکہ دہشت گردی اورآبادیوں پر مسلح حملوں کایہ سلسلہ مستقل بنیادوں پر بندکرایاجائے، شہریوں کوتحفظ فراہم کیا جائے اورمسلح دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہاکہ اگراس دہشت گردی اور آبادیوں پر حملوں کایہ سلسلہ بندنہیں کرایا گیاتو ہم بھی پرامن احتجاج پر مجبورہوں گے اوراگرہم نے اس دہشت گردی کے خلاف کل سے ہڑتالوں اور احتجاج کااعلان کیا توپھریہ ہڑتال ایک دن کی نہیں ہوگی بلکہ اس دہشت گردی اور حکومت کے خاتمہ تک جاری رہے گی۔ الطاف حسین نے کہاکہ میں اے این پی کے سربراہ اسفندیارولی سے درخواست کرتاہوں کہ وہ اپنے لوگوں کومتنبہ کریں اورقصبہ کالونی اورنگی ٹاوٴن ،کٹی پہاڑی کے اطراف کے علاقوں میں گھروں پر مسلح حملوں کاسلسلہ بند کرائیں۔انھوں نے دہشت گردوں کے حملوں سے متاثرہ عوام سے دلی ہمدردی کااظہارکیااوردعاکی کہ اللہ تعالیٰ شہید ہونیوالوں کوجواررحمت میں جگہ دے اورزخمیوں کوصحت کاملہ عطاکرے۔