5 جولائی 2011
وقت اشاعت: 18:2
کراچی:فائرنگ کے واقعات میں 7افراد جاں بحق ،20زخمی
جنگ نیوز -
کراچی …افضل ندیم …کراچی کے علاقے قصبہ کالونی اورحسن اسکوائرمیں دوگروپوں میں تصادم اوربس پرفائرنگ کے نتیجے میں 7افراد جاں بحق جبکہ 20 سے زائدافراد زخمی ہوچکے ہیں۔قصبہ کالونی میں ملزمان نے ایک مکان اور گاڑی کوبھی آگ لگا دی۔پولیس کے مطابق اورنگی ٹاوٴن میں قصبہ کالونی موڑ پر آج دوپہر دو گروپوں کے مابین اچانک فائرنگ شروع ہوگئی جس کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہوگئے۔دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد گل نواب، ہدایت اللہ، جاوید اکبر اور اعجاز جاں بحق ہو گئے جن کی لاشوں کو قطر، عباسی اور سول اسپتال منتقل کیا گیا۔فائرنگ سے مقامی ٹی وی کے رپورٹر سمیت متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔ فائرنگ کے واقعات کے بعد نامعلوم افراد نے کٹی پہاڑی کے قریب ایک گاڑی اور گھر کو بھی آگ لگادی۔اس موقع پر پولیس نے کسی کارروائی سے گریز کیا۔ابھی کٹی پہاڑی اور قصبہ کالونی میں حالات معمول پرنہیں آئے تھے کہ نامعلوم افراد نے قصبہ کالونی کے قریب1 ڈی روٹ کی بس پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک شخص محمد گل جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہو گئے، جنہیں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔زخمیوں کے اسپتال منتقلی کے دوران قصبہ موڑ پرنامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک نامعلوم شخص جاں بحق ہوگیا۔ترجمان اے این پی سندھ کے مطابق قصبہ کالونی میں فائرنگ سے ان کے4کارکن جاں بحق اور6زخمی ہوئے۔بد امنی کی صورتحال کے باعث نارتھ ناظم آباد کٹی پہاڑی سے اورنگی ٹاوٴن جانے والی شارع کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ شیرشاہ اور کباڑی مارکیٹ کے قریب بھی دو گروپوں کے مابین شدید فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا جس کے نتیجے میں ایک شخص لاٹو جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوگئے۔گلشن اقبال کا علاقہ بھی آج پورے دن میدان جنگ بنا رہا۔ وفاقی اردو یونیورسٹی میں دو طلبہ تنظیموں کے درمیان شروع ہونیوالا تصادم بعد میں عیسیٰ نگری کے قریب جا پہنچا جہاں کافی دیر تک مورچہ بند فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا، فائرنگ کے نتیجے میں خاتون سمیت دو افراد زخمی ہو ئے۔