5 جولائی 2011
وقت اشاعت: 18:14
مونس کا این آئی سی ایل کیس کی ایف آئی آر میں نام نہیں، چودھری شجاعت
جنگ نیوز -
لاہور…صدر پاکستان مسلم لیگ سینیٹر چودھری شجاعت نے کہا ہے مونس الٰہی کا نہ تو این آئی سی ایل کیس کی ایف آئی آر میں نام درج ہے اور نا ہی اس بات کے شواہد ہیں کہ وہ زمین کی خریدوفروخت میں شامل رہاہے۔ اس کے باوجودان کے خاندان کوانتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔چودھری شجاعت حسین نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ظفر قریشی مونس الٰہی کیس میں اپنی تفتیش مکمل کرکے چالان عدالت میں پیش کرچکے ہیں۔ مسلم لیگ کے صدر نے کہا کہ بہت کم ایسا ہوا ہے کہ کوئی شخص الزام کی بات کا سن کر لندن سے آکر خود عدالت میں پیش ہواہو اوریہ کہاہوکہ وہ ضمانت کے بجائے کیس کی سماعت چاہتاہے جو کہ شروع ہوچکی ہے،جہاں تک کیس کا تعلق ہے ایک شخص نے زمین خرید کرمہنگے داموں این آئی سی ایل کو بیچی اور اس کے بعد وہ سودا منسوخ ہوگیااس نے تمام رقم واپس کردی۔ مونس الٰہی کا نہ تو ایف آئی آر میں نام درج ہے اور نہ کوئی شواہد ہیں کہ وہ اس کی خریدوفروخت میں شامل رہا ہے۔ اس کے باوجود مونس الٰہی کے خلاف کارروائی پر اصرار کیا جارہا ہے اور یہ کہا جارہا ہے کہ ہر 15دن بعد رپورٹ پیش کی جائے۔چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ وہ گواہ جن سے زبردستی دست خط کرواکر کیس بنایاگیا تھا اور انہی کے بیانات کووجہ بنا کرہائی کورٹ سے ضمانت مسترد کرائی گئی تھی اب وہ تمام گواہ عدالت میں آکر اصل حقائق بیان کرچکے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ایک خاتون بینک افسر نے جس کا بیان یہ لکھا گیا کہ مونس الٰہی نے اسے اپنے دفترمیں بلا کر ایک غلط اکاؤنٹ کھولنے کے لیے کہا تھا عدالت میں آکر یہ کہا کہ وہ پہلی دفعہ مونس الٰہی کو دیکھ رہی ہے۔ اس طرح دوسرے گواہوں نے بھی اصل حقیقت بیان کردی ہے جس کے بعد مونس الٰہی نے اپنی بریت کی درخواست دائر کی ہے جس پر مخالف سیاسی اور غیر سیاسی شخصیات متحرک ہوگئیں اور اس کیس میں دلچسپی لے رہی ہیں،چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ ہمارے خاندان نے بڑے سخت سے سخت دن دیکھے ہیں۔ مونس الٰہی کے توابھی پانچ ماہ جیل میں گزرے ہیں۔ ان کے نانا چودھری ظہورالٰہی شہید نے تقریباً6سال تک مختلف جیلوں میں قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کیں جن میں کوہلو جیل کا ایک سال بھی شامل تھا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف انتقامی کارروائی نا روکی گئی تو باد مخالف سے ٹکرانا ہماری خاندانی روایت ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم گھبرانے والے نہیں اور ہر حالت میں اپنے مخالفین کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔