5 جولائی 2011
وقت اشاعت: 18:14
بنکنگ کورٹ کے جج کا مونس الٰہی کیس کی سماعت سے انکار
جنگ نیوز -
لاہور…لاہور میں بنکنگ کورٹ کے جج عبدالرشید نے این آئی سی ایل کیس کی سماعت کے دوران مونس الٰہی کے وکلا سے تلخ جملوں کے تبادلے کے بعد کیس سننے سے انکار کر دیا اور مقدمہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دیا ہے ۔مونس الٰہی کے وکلاء نے بنکنگ کورٹ میں اپنے موکل کی بریت کی درخواست دائر کررکھی ہے۔ درخواست پر بحث کے دوران فاضل جج عبدالرشید نے مونس الٰہی کے منیجر عبدالمالک کو بیان قلم بند کرانے کو کہا تو وکلا نے اعتراض اٹھایا کہ عدالت اس وقت بیان ریکارڈ نہیں کرسکتی۔ عدالت کا کہنا تھا کہ عدالت مقدمہ کی سماعت کے دوران کسی بھی وقت ملزم کا بیان قلم بند کرسکتی ہے۔ عبدالمالک نے عدالت کے سوالوں کا جواب دینے سے انکار کردیا،جج نے بیان سے انکارکو تحریر کرنے کو کہا تو وکلا اور جج کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہو گیا، جس پر جج مقدمہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو بھیجنے کا حکم دیکر کمرہ عدالت سے چلے گئے۔ مونس الٰہی کو دوبارہ سب جیل بھجوادیا گیا،مونس الٰہی کے وکلاء کا کہنا تھا کہ عدالت نے کیس کو بلاوجہ ہائی کورٹ بھجوایا۔