5 جولائی 2011
وقت اشاعت: 18:25
اچھی فصل کے باعث پیاز کی ہول سیل قیمت 8روپے فی کلو کی سطح پر
جنگ نیوز -
کراچی…بلوچستان اور خیبر پختو نخواہ میں پیاز کی اچھی فصل کے باعث پیاز کی قیمتیں ہول سیل مارکیٹ میں 8 روپے فی کلو کی سطح پر آگئی ہیں جبکہ پاکستانی تاجروں نے اچھی فصل کے باعث پیاز کی بیرون ملک برآمد شروع کردی ہے۔ انجمن ہول سیل ویجی ٹیبل مارکیٹ کراچی کے صدر حاجی شاہجہاں نے جیونیوز کو بتایا کہ دو ہفتوں کے دوران پیاز کی فی کلو قیمت ہول سیل مارکیٹ میں 15 روپے کلو سے کم ہوکر 8 روپے کلو پر آگئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پیاز کی اچھی فصل کے باعث پاکستانی تاجروں نے اس کو ملائیشیا، سری لنکا اور متحدہ عرب امارات برآمد کرنا شروع کردیا ہے اور دو ہفتوں میں ستر ہزار ٹن پیاز برآمد کی جاچکی ہے۔انہوں نے بتایاکہ پیاز 350 ڈالر فی ٹن پر برآمد کی جارہی ہے۔ حاجی شاہجہاں نے توقع ظاہر کی کہ رواں سیزن میں ڈھائی سے تین لاکھ ٹن پیاز برآمد کی جائے گی۔