5 جولائی 2011
وقت اشاعت: 18:25
پنجاب میں سی این جی اسٹیشنز عارضی طور پرڈھائی دن بند رکھنے پر اتفاق
جنگ نیوز -
لاہور…پنجاب میں سی این جی اسٹیشنز عارضی طور پر تین کی بجائے ڈھائی دن بند رکھنے پر اتفاق، جبکہ سندھ میں گیس فیلڈ کی بندش کے باعث سی این جی اسٹیشنز ہفتے میں 2 روز بند رہیں گے۔ کے ای ایس سی کو گیس فراہمی میں کمی سے بجلی کے تعطل میں اضافے کا امکان ہے۔ سی این جی ایسوسی ایشن کی سپریم کونسل کے چیئر مین غیاث پراچہ کی منیجنگ ڈائریکٹر سوئی ناردرن گیس سے لاہور میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں سی این جی ایسوسی ایشنز کے نمایندوں کو یقین دہانی کرائی گئی کہ پنجاب بھر میں گیس لوڈ مینجمنٹ پروگرام کے تحت سی این جی اسٹیشنز اب 3 کے بجائے ڈھائی دن بند کیے جائینگے۔ تاہم صورتحال میں 10 جولائی کے بعد مزید بہتری کی امید ہے۔ دوسری جانب سوئی سدرن گیس کے منیجنگ ڈائریکٹر عظیم اقبال کے مطابق سندھ اور بلوچستان میں سی این جی اسٹیشنز کو گیس ہفتے میں دو دن بند رکھی جائیگی۔ ان کا کہنا تھا کہ کادن واری گیس فیلڈ سالانہ مرمت کے لیے بند ہونے سے 200 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی کمی کا سامنا ہے جس کے باعث گیس کا کم استعمال کرنے کیلئے صنعتوں سے بات چیت جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کادن واری گیس فیلڈ سے گیس کی فراہمی پانچ سے سات دن میں معمول پر آجائیگی۔کادن واری گیس فیلڈ کی بندش سے کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کو گیس فراہمی میں کمی آئیگی، جس سے لوڈشیڈنگ دورانیے میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔