6 جولائی 2011
وقت اشاعت: 3:33
بجٹ خسارے کے معاملے پر قلیل مدتی حل نہیں چاہتا،اوباما
جنگ نیوز -
واشنگٹن. . . . . .. امریکی صدر بارک اوباما کا کہنا ہے کہ بجٹ خسارے کے معاملے پر مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے تاہم وہ کوئی قلیل مدتی حل نہیں چاہتے۔وائٹ ہاوٴس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی صدر نے بتایا کہ بجٹ خسارے کے معاملے پر مثبت پیش رفت ہوئی ہے اور کوئی بھی یہ نہیں چاہتا کہ امریکا اپنے 143 کھرب کے قومی خسارے کے باعث دیوالیہ ہوجائے۔ایسا ہوا تو امریکی معیشت کو ایک اور کساد بازاری اور مارکیٹوں کو گراوٹ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔اوباما نے کہا کہ کانگریس ارکان سے مذاکرات میں پیش رفت کے باوجود کچھ بنیادی اختلافات کو دور کرنا ضروری ہے۔ڈیموکریٹس اور ری پبلکن ارکان کے درمیان مذاکرات جاری ہیں جن کا مقصد رقم کی اس حد میں اضافہ کرنا ہے جو امریکی حکومت قانونی طور پر 2 اگست کی ڈیڈلائن سے قبل بطورِ قرض حاصل کرسکتی ہے۔امریکی محکمہ خزانہ بھی متنبہ کر چکا ہے کہ اگر2 اگست تک قرض کی انتہائی حد میں اضافہ نہ کیا گیا تو اس کے پاس ادائیگیوں کے لیے رقم نہیں ہوگی۔صدراوباما نے دونوں جماعتوں کے رہنماوٴں کو مذاکرات کے لیے کل وائٹ ہاوٴس میں طلب کرتے ہوئے اس امید کا اظہارکیا کہ کانگریس چند روز میں اس مسئلے کے متفقہ حل تک پہنچنے میں کامیاب ہو جائے گی۔