6 جولائی 2011
وقت اشاعت: 3:44
سکھر: قیدیوں کے ہاتھوں یرغمال پولیس اہلکار تاحال رہا نہیں کرائے جاسکے
جنگ نیوز -
سکھر. . . . ... . سینٹرل جیل سکھر میں ہنگامہ آرائی کے دوران قیدیوں کی جانب سے یرغمال بنائے گئے دس پولیس اہلکار تاحال رہا نہیں کرائے جاسکے۔جیل کالونی کے باہر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک قیدی ہلاک ہوگیا۔سنٹرل جیل ون سکھر میں گزشتہ روز جیل عملے اور قیدیوں میں تلخ کلامی ہوئی جو بڑھ کر جھگڑے کی صورت اختیار کرگئی اور نوبت ہاتھاپائی تک جا پہنچی۔ اس دوران قیدیوں نے گیارہ اہلکاروں کو یرغمال بنالیا جن میں سے ایک کو رہا کردیاگیا۔قیدیوں نے بیرکوں میں توڑ پھوڑ کی جس کے بعد جیل انتظامیہ نے جیل کی ناکا بندی کرکے آپریشن کیا جس میں ضلعی پولیس نے بھی حصہ لیا۔ ہنگامہ آرائی پرقابو پانے کے لیے پولیس نے قیدیوں پر شیلنگ بھی کی۔جیل سپریٹنڈنٹ قاضی نظیر کے مطابق یرغمال بنائے گئے دس اہلکاروں کو تاحال رہا نہیں کرایاجاسکا ہے جبکہ ہنگامے میں تین اہلکاروں سمیت 6افرادزخمی بھی ہوئے ہیں۔دوسری جانب سینٹرل جیل ون کی رہائشی کالونی کے باہر رات گئے نامعلوم افراد نے شدید ہوائی فائرنگ کی جس سے بیرک پر کھڑا قیدی ہلاک ہوگیا جبکہ جیل انتظامیہ اور قیدیوں میں مذاکرات کسی نتیجے پرپہنچے بغیرختم ہوگئے۔