6 جولائی 2011
وقت اشاعت: 11:32
سکھر:جیل انتظامیہ اور قیدیوں میں مذاکرات کامیاب، یرغمال اہلکار رہا
جنگ نیوز -
سکھر…سکھرسینٹرل جیل ون قیدیوں اور جیل انتظامیہ کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد یرغمال بنائے گئے دس اہلکاروں کو رہا کردیاگیاجبکہ بکتربندگاڑیاں اور اضافی نفری بھی واپس بلالی گئی ہیں۔ڈی پی او سکھر اعتزازاحمد گورائیہ نے جیونیوز کو بتایا کہ جیل انتظامیہ اور قیدیوں کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد قیدیوں نے گذشتہ روز سے یرغمال بنائے دس اہلکاروں کو رہا کردیاہے اورقیدی اپنے بیرکوں میں واپس چلے گئے ہیں،ڈی پی او کے مطابق صورتحال اب کنٹرول میں ہے، اضافی نفری اور بکتر بند گاڑیاں بھی واپس بلالی گئی ہیں۔گذشتہ روز جیل مینوئل کے مطابق سہولتوں کی عدم فراہمی کے خلاف قیدی اور جیل اہلکاروں میں تصادم ہوگیا تھا،اس دوران چھ افرادزخمی بھی ہوئے اور اہلکاروں کو یرغمال بنالیاگیاتھا۔رات گئے تک مذاکرات جاری رہے لیکن اس دوران نامعلوم افرادکی جانب سے جیل کے باہرفائرنگ کی گئی جس کی زد میں آکربیرک کی چھت پر کھڑا ایک قیدی ہلاک ہوگیا اور صورتحال ایک بار پھر کشیدہ ہوگئی تاہم کچھ دیر بعدمذاکرات پھرسے شروع ہوئے جس میں کامیابی کے بعد یرغمال بنائے گئے دس اہلکار رہا کردیئے گئے اور اضافی نفری کو واپس بلایاگیا ہے۔