6 جولائی 2011
وقت اشاعت: 20:15
وزیراعظم گیلانی کی افغان صدر کرزئی سے ٹیلی فون پرگفتگو
جنگ نیوز -
اسلام آباد…وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے افغان صدر حامد کرزئی کو ٹیلے فون کر کے سرحد پار سے عسکریت پسندوں کی پاکستانی علاقے میں کارروائیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ پاک فوج مغربی سرحد پرتحمل کا مظاہرہ کررہی ہے۔ترجمان وزیراعظم ہاوٴس کے مطابق وزیراعظم نے افغان صدر سے دیر، باجوڑ، مومند اور افغان علاقے کنڑ میں عسکریت پسندوں کی کارروائیوں پر تشویش کا اظہارکیا۔ وزیر اعظم گیلانی نے حامد کرزئی سے کہا کہ افغانستان سے شدت پسند پاکستان میں مسلسل دراندازی اور حملے کر رہے ہیں ،ایساف اور افغان فوجی کمانڈرز سے فوری صورتحال پرقابو پانے کا کہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے ایساف سے بھی ریجنل کمانڈرز کا بارڈر کوآرڈی نیشن اجلاس فوری طور پر بلانے کا کہا ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایساف اور افغان فوج عسکریت پسندوں کے خلاف پاک فوج کی کارروائیوں میں تعاون کرے۔ترجمان وزیراعظم ہاوٴس کے مطابق افغان صدر نے بھی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ایساف اور افغان فوجی کمانڈرز کا اجلاس فوری بلانے کو تیار ہیں۔