7 جولائی 2011
وقت اشاعت: 2:51
کراچی:رات12 بجے کے بعد مزید10 افراد قتل ،کئی زخمی
جنگ نیوز -
تین دن میں ہلاکتوں کی تعداد 38 ہوگئی
کراچی. . . . ... . کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں چند گھنٹوں کے دوران مزید 10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے،جس کے بعد تین دنوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 38 ہوگئی ہے۔جبکہ شہر کے کئی علاقوں میں کشیدگی برقرار ہے۔پولیس کے مطابق گارڈن کے علاقے میں مکی مسجد اور چڑیا گھر کے پاس فائرنگ سے ٹیکسی ڈرائیور سمیت تین افراد ہلاک ہوئے۔گلستان جوہر کے علاقے میں محکمہ موسمیات کے دفتر کے قریب نامعلوم افرانے ٹارگٹ کلنگ کے واقعے میں گاڑی پر فائرنگ کرکے دو افراد کو قتل کردیا۔واقعے کے بعد ہلاک ہونے والوں کے ورثاء نے یونیورسٹی روڈ پر لاشوں کے ہمراہ احتجاج بھی کیاجس کے بعد پولیس نے مذاکرات کرکے لاشوں کوضابطے کی کارروائی کے لئے جناح اسپتال منتقل کیا۔بلدیہ ٹاوٴن نمبر 7میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا،جبکہ گلستان جوہر میں پرفیوم چوک کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور دو افراد زخمی ہوئے۔سرجانی ٹاوٴن کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور سات افراد زخمی ہوئے۔ شاہ فیصل کالونی اور ناظم آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوئے۔