7 جولائی 2011
وقت اشاعت: 6:26
کراچی،فائرنگ کے واقعات میں مزید11افراد ہلاک
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی کے مختلف علاقوں میں گذشتہ تین روز سے جاری پرتشدد واقعات کا سلسلہ تاحال برقرار ہے۔ آج بھی شہر میں فائرنگ کے واقعات میں 11 افراد جاں بحق اور 12 سے زائد افراد زخمی ہوئے،جبکہ تین روز کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 39 ہوگئی ہے۔پولیس کے مطابق گارڈن کے علاقے میں مکی مسجد اور چڑیا گھر کے پاس فائرنگ سے ٹیکسی ڈرائیور سمیت تین افراد ہلاک ہوئے۔گلستان جوہر کے علاقے میں محکمہ موسمیات کے دفتر کے قریب نامعلوم افرانے ٹارگٹ کلنگ کے واقعے میں گاڑی پر فائرنگ کرکے دو افراد کو قتل کردیا،واقعے کے بعد ہلاک ہونے والوں کے ورثاء نے یونیورسٹی روڈ پر لاشوں کے ہمراہ احتجاج بھی کیا،جس کے بعد پولیس نے مذاکرات کرکے لاشوں کوضابطے کی کاروائی کے لئے جناح اسپتال منتقل کیا۔ پولیس کے مطابق بلدیہ ٹاوٴن نمبر 7میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا،جبکہ گلستان جوہر میں پرفیوم چوک کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 3 افراد ہلاک ہوئے،سرجانی ٹاوٴن کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور سات افراد زخمی ہوئے۔ شاہ فیصل کالونی اور ناظم آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوئے،علی الصبحملیر کے علاقے جام گوٹھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 30 سالہ زاہد ہلاک ہوا،جبکہ قصبہ کالونی اور بلدیہ ٹاوٴن میں فائرنگ سے مزید تین افراد زخمی بھی ہوئے۔