7 جولائی 2011
وقت اشاعت: 10:48
یورپی پارلیمنٹ کااجلاس: سجاد کریم پر نسل پرستوں کے حملے کی مذمت
جنگ نیوز -
پیرس…رضا چوہدری…یورپی پارلیمنٹ میں ”فرینڈز آف پاکستان“ گروپ کے چیئرمین اوررکن یورپی پارلیمنٹ سجاد کریم حملے کے بعد پہلی بار اسٹراسبرگ میں یورپی پارلیمنٹ کے اجلاس میں شریک ہوئے۔ واضح رہے کہ ہفتے کو برطانیہ میں واقع ان کی رہائش گاہ پر چالیس نسل پرست گوروں نے حملہ کرنے کی کوشش کی تھی۔ انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتایاکہ نسل پرست انتہاپسندوں نے ایک ہجوم کی شکل میں ان کے گھرپر اس وقت حملہ کیاجب وہ اپنے خاندان کے ساتھ گھرمیں موجود تھے کہ پولیس نے بروقت کارروائی کی اورچند افراد کی گرفتاری عمل میں آئی۔ انہوں نے کہا کہ ”میں تشدد پسندوں کو ایک کھلا پیغام دیناچاہتاہوں کہ میں ان کارروائیوں سے گھبرانے والا نہیں ہوں، ہمارے لیے ہمارا ملک اور اس کی وحدت بہت اہم ہے۔ اسپیکرپارلیمنٹ نے سجادکریم کو یقین دلایاکہ ایوان مکمل طورپر ان کے ساتھ ہے جبکہ 27ملکوں کے اراکین پارلیمنٹ نے سجادکریم کے بیان کا خیرمقدم کیا۔ یورپ میں متعدد لوگوں اور اداروں نے سجادکریم پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور برطانوی حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ وہ ان کی حفاظت کے لیے مناسب اقدامات کرے۔پاکستانی نژاد سجادکریم یورپی پارلیمنٹ کے پہلے اور واحد مسلم رکن ہیں۔