7 جولائی 2011
وقت اشاعت: 10:48
کالم نگار عرفان صدیقی کا ٹوکیو یونیورسٹی کے شعبہ اردو میں لیکچر
جنگ نیوز -
ٹوکیو…عرفان صدیقی…جاپان کے دورے پر آئے ہوئے پاکستان کے سینئر صحافی و کالم نگار عرفان صدیقی نے ٹوکیو یونیورسٹی کے شعبہ اردو کی دعوت پر یونیورسٹی کا دورہ کیا جہاں یونیورسٹی کے شعبہ اردو کے جاپانی طلبہ کو صحافت کے حوالے سے خصوصی لیکچر دیا جس میں جاپانی طلبہ نے انتہائی دلچسپی کا اظہار کیا ۔ اس حوالے سے ٹوکیو یونیورسٹی میں شعبہ اردو کے لیکچرر عامر علی نے بتایا کہ عرفان صدیقی پاکستان کی صحافت خاص طو ر پر کالم نگاری میں انتہائی اہم مقام رکھتے ہیں اور جاپان میں اردو کی تعلیم حاصل کرنے والے جاپانی طلبہ وطالبات کیلئے یہ بات انتہائی اہمیت کی حامل ہے کہ پاکستانی صحافت کی اہم شخصیت اردو زبان میں جاپانی طلبہ و طالبات سے ہم کلام رہی۔ اس موقع پر سینئر پاکستانی و لیگی رہنما چوہدری ظفرا قبا ل جنہوں نے کالم نگار عرفان صدیقی کے دورہٴ جاپان کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کیاہے، کہا کہ آج اردوزبان سے دلچسپی رکھنے والے اور اس زبان کو جاپان میں رہ کر سیکھنے والے طلبہ وطالبات کیلئے انتہائی اہم دن ہے جن کو پاکستان اور اردو زبان کی انتہائی معتبر شخصیت سے ملاقات کاموقع ملا ہے۔اس موقع پر سینئر صحافی عرفان صدیقی نے جاپان کی تاریخی جامعہ میں شعبہ اردو کے اساتذہ او رطلبہ کے ساتھ ملاقات کو انتہائی اہم اوریادگار قراردیا۔ عرفان صدیقی کے ٹوکیو یونیورسٹی کے دورے کے موقع پر ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اور جاپان انٹرنیشنل پریس کلب کے صدر چوہدری شاہد رضا بھی موجود تھے۔