تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
7 جولائی 2011
وقت اشاعت: 16:51

کراچی کے حالات پر فی الحال ہڑتال کی کال نہیں دے رہے ،ایم کیو ایم

جنگ نیوز -
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ نے اعلان کیا ہے کہ اورنگی ٹاؤن میں کسی دو گروپوں میں تصادم نہیں ہورہا ہے بلکہ وہاں مسلح دہشت گردوں کی جانب سے نہتے عوام کے خون سے ہولی کھیلی جارہی ہے۔ اگر صورتحال کا نوٹس نہ لیا گیا تو مزید راست اقدام اٹھائیں گے، جس میں ہڑتال کی کال بھی شامل ہوگی۔ نائن زیرو پر کراچی اور لندن کی رابطہ کمیٹی کے مشترکہ ہنگامی اجلاس کے بعد پریس کانفر نس سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما رضا ہارون نے بتایا کہ کراچی میں دہشت گردوں کے حملے کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں،پولیس اور رینجرز کی موجودگی میں مسلح حملے کئے جارہے ہیں،سکیورٹی اہلکار نمائشی طور پر سڑکوں پر تعینا ت ہیں۔ شہر کے حالات سازش کے تحت خراب کئے جارہے ہیں،لوگ مختلف علاقوں میں محصور ہوچکے ہیں، دکانوں اور مکانوں کو آگ لگائی جارہی ہے،اورنگی ٹاؤن پہاڑیوں پر مورچے بناکر حملے کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دہشت گردی کیخلاف پرامن احتجاج ریکارڈ کیا جائیگا۔اورنگی ٹاؤن میں حملوں اور دہشت گردی کیخلاف کل بروز جمعہ ارکان سندھ اسمبلی سے وزیراعلیٰ ہاؤس تک پرامن احتجاجی ریلی نکالی جائیگی۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی کی صورتحال پر سندھ اسمبلی، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بھی احتجاج کیا جائیگا،ان ایوانوں کا اجلاس بلانے کی درخواست جمع کرائی جائیگی اور اس سلسلے میں دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطے کئے جائیں گے۔ رضاہارون کا کہنا تھا کہ ہم امن کی خاطر صبر اور برداشت سے کام لے رہے ہیں لیکن اس دہشت گردی کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے۔ ہماری برداشت کی پالیسی کو کمزوری سمجھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں ،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہڑتال کی کال دینا ہمارا جمہوری حق ہے،تاہم فی الحال ہم ہڑتال کی کال نہیں دے رہے۔ اپوزیشن جماعتیں بھی کراچی کی صورتحال پر صدائے احتجاج بلند کریں اور انسانی حقوق تنظیمیں بھی کراچی کی صورتحال اور مسلح حملوں کا نوٹس لیں۔




متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.